ہومپاکستانشادی میں دلہن کو ملنے والے زیورات سے متعلق سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

شادی میں دلہن کو ملنے والے زیورات سے متعلق سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز)سپریم کورٹ نے شادی میں دلہن کو ملنے والے زیورات سے متعلق اہم فیصلہ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے خواتین کے تحفظ سے متعلق فیصلہ جاری کیا ہے جس کے کیس میں شوہر کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا ہے، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شکیل احمد بھی بینچ میں شامل تھے۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شادی میں دلہن کو ملنے زیورات اس کی مکمل اور ذاتی ملکیت ہیں، شوہر، ساس، سسر یا دیگر سسرالوں کا دلہن کے زیورات پر کوئی قانونی حق نہیں ہے۔سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ والدین، رشتے داروں یا دوستوں کی جانب سے دیا گیا سونا صرف دلہن کی ملکیت ہے، دلہن کے زیورات یا تحائف کو زبردستی روکنا ملکیتی حقوق سے غیرقانونی محرومی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شوہر یا سسرال کے دیگر افراد دلہن کے زیورات پر قبضہ یا استعمال بالکل نہیں کرسکتے، شادی پر ملنے والے کسی بھی تحفے کی ملکیت کا تعین نیت سے ہوتا جس مقصد کے لیے دیا گیا ہے۔خاتون زیورات، جہیز اور کسی بھی ذاتی سامان کی واپسی کے لیے فیملی کورٹ سے رجوع کرسکتی ہے، فیملی کورٹ کو خواتین کے زیورات، جہیز اور ذاتی سامان کی واپسی کے مقدمات سننے کا اختیار ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔