اسلام آباد(آئی پی ایس )کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے چیئرمین لیفٹیننٹ (ر)سہیل اشرف نے خواتین کی معاشی شمولیت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے خواتین کاروباری افراد کیلئے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔یہ یقین دہانی آئی ڈبلیو سی سی آئی کی صدر ثمینہ فاضل کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کرائی گئی۔ ملاقات میں اسلام آباد میں خواتین کیلئے پہلے خصوصی کاروباری مرکز کے کامیاب قیام اور مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں تاجر خواتین نے ویمن انٹرپرائز مارکیٹ کے قیام میں سی ڈی اے کے چیئرمین سہیل اشرف اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی)کی ڈائریکٹر ڈاکٹر انعم فاطمہ کے تعاون کو سراہا جبکہ ثمینہ فاضل نے اس منصوبے کی معاونت پر سی ڈی اے، ایم سی آئی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور جاز کیش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مارکیٹ خواتین کیلئے معاشی مواقع بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اس موقع پر سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے چیمبر کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں بڑھتی ہوئی شمولیت اسلام آباد کی معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے اور خواتین کیلئے مزید پروگرام متعارف کرائے جائیں گے۔ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ شہری انتظامیہ خواتین کیلئے محفوظ، آسان رسائی والے کاروباری مراکز کے قیام اور کم لاگت کاروباری ماڈلز کی حوصلہ افزائی کیلئے پرعزم ہے تاکہ انہیں وفاقی دارالحکومت کے دیگر علاقوں میں بھی وسعت دی جا سکے۔نائمہ انصاری نے خواتین کو درپیش چیلنجز کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجود 50 لاکھ سے زائد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں خواتین کی ملکیت صرف 8 فیصد ہے، جبکہ ایس ایم ای فنانسنگ کا محض 3 اعشاریہ2فیصد حصہ خواتین تک پہنچتا ہے۔ خواتین میں کاروباری سرگرمیوں کی شرح مردوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم ہے جس سے قومی معاشی ترقی میں ان کا کردار محدود ہو جاتا ہے۔ثمینہ فاضل نے ملک بھر کی بلدیاتی انتظامیہ اور چیمبرز آف کامرس پر زور دیا کہ خواتین کی زیر قیادت کاروبار کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اور خصوصی کاروباری مراکز قائم کیے جائیں۔
