Tuesday, June 23, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانسرگودھا میں 7سالہ بچی منتہا کو زیادتی اور بے دردی سے قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

سرگودھا میں 7سالہ بچی منتہا کو زیادتی اور بے دردی سے قتل کرنے والا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

سرگودھا(آئی پی ایس )سات سال کی معصوم بچی منتہا کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی اور پھر اسے بے دردی سے قتل کرنے والے مرکزی ملزم ارسلان کو پولیس نے ایک مبینہ مقابلے کے دوران ہلاک کر دیا ہے۔دوسری جماعت میں پڑھنے والی ننھی منتہا چند روز قبل اپنے گھر سے قریبی دکان پر کھانے پینے کی کوئی چیز لینے کے لیے نکلی تھی لیکن پھر واپس نہیں آئی۔ اہل خانہ کے مطابق جب بچی دکان سے لاپتا ہوئی تو انہوں نے اس کی تلاش شروع کی، جس کے بعد دکان کے اوپر بنے کمرے سے اس کی بے جان لاش ملی۔اس دل دہلا دینے والے واقعے نے پورے علاقے میں کہرام مچا دیا اور شہریوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کو دکان پر کام کرنے والے ملازم ورغلا کر اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ڈی پی او صہیب اشرف کی خصوصی ہدایت پر ایک چھ رکنی تفتیشی ٹیم بنائی گئی تھی جس نے ملزم کی تلاش کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارنے شروع کیے۔اسی دوران پولیس نے دکان کے مالک حنیف، اس کے بیٹے اور دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش کا عمل شروع کیا اور ملزم ارسلان کے پرانے مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی شروع کر دی گئی۔تاہم اب پولیس کے مطابق مرکزی ملزم ایک مقابلے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔دوسری طرف مقتولہ منتہا کے والدین اپنی لاڈلی بیٹی کی ناگہانی موت پر غم سے نڈھال ہیں اور ان کے آنسو تھمنے کا نام نہیں لے رہے، جبکہ پورے علاقے کی فضا سوگوار ہے۔رات گئے معصوم منتہا کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سرگودھا کے مرکزی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، جس میں شہریوں اور رشتہ داروں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔منتہا کی آخری رسومات اور تدفین کے وقت وہاں موجود ہر آنکھ نم تھی اور ہر شخص اس معصوم کلی کے بے رحمانہ قتل پر انتہائی افسردہ دکھائی دے رہا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔