Tuesday, June 23, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ ترینچین کا ایران اور امریکا پر مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر زور، پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت

چین کا ایران اور امریکا پر مذاکراتی عمل جاری رکھنے پر زور، پاکستان اور قطر کی ثالثی کوششوں کی حمایت

بیجنگ (سب نیوز)چین نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور امریکا سوئٹزرلینڈ میں جاری مذاکرات کی رفتار برقرار رکھتے ہوئے بات چیت کو مثبت نتائج تک پہنچانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔چین نے پاکستان، قطر اور دیگر فریقوں کی ثالثی اور سفارتی کاوشوں کی بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے۔
پیر کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے ایران اور امریکا کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی بات چیت کے حوالے سے کہا کہ بیجنگ امید کرتا ہے کہ دونوں ممالک مذاکراتی عمل کو آگے بڑھاتے ہوئے تعمیری انداز اپنائیں گے اور مثبت نتائج کے حصول کے لیے کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ چین ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو کامیاب بنانے کے لیے پاکستان، قطر اور دیگر متعلقہ فریقوں کی جانب سے کی جانے والی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق گو جیاکون نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بیجنگ خطے میں استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے سفارتی ذرائع کو اہمیت دیتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔گو جیاکون کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات ہیں کہ پاکستان اور قطر کی ثالثی میں ایران اور امریکا نے پیر کو آبنائے ہرمز میں بحری جہازرانی کے تحفظ کے لیے ایک رابطہ نظام قائم کرنے اور لبنان میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے اتفاق رائے حاصل کیا ہے۔چینی ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان، قطر اور دیگر متعلقہ فریقوں کی جانب سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری ہی اختلافات کے حل اور خطے میں استحکام کے فروغ کا موثر راستہ ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔