Wednesday, June 24, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومتازہ تریناللہ اور رسول کی اطاعت ہی کامیابی کی کنجی ہے، سعید انور

اللہ اور رسول کی اطاعت ہی کامیابی کی کنجی ہے، سعید انور

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کھلاڑی اور معروف اسلامی مبلغ سعید انور نے کہا ہے کہ حقیقی اور دیرپا کامیابی صرف اللہ تعالی کی اطاعت اور حضور نبی اکرم ۖ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی اسلامی اقدار، اخلاقی اصلاح اور اللہ تعالی سے مضبوط تعلق میں مضمر ہے۔وہ پیر کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

سعید انور نے کہا کہ قرآن مجید انفرادی اور اجتماعی زندگی کی کامیابی کے لیے مکمل ضابط حیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اللہ تعالی کی رضا کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں، اعلی اخلاقی اقدار کو فروغ دیتے ہیں اور معاشرے کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتے ہیں، اللہ تعالی انہیں امن، خوشحالی اور اپنی خصوصی رہنمائی سے نوازتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گناہوں سے توبہ کریں، اپنے کردار و اعمال کی اصلاح کریں اور نماز، ذکرِ الہی اور اسلامی تعلیمات پر عملی طور پر عمل پیرا ہو کر اللہ تعالی سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔ انہوں نے زکو کی ادائیگی، فلاحی سرگرمیوں کی حمایت، نیکی کے فروغ اور برائی کی حوصلہ شکنی کو ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کی بنیادی ضرورت قرار دیا۔اس موقع پر اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے سعید انور کی دینی شعور، اخلاقی اقدار اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی فکری و اصلاحی نشستیں افراد کو قومی یکجہتی، اخلاقی طرزِ عمل اور اجتماعی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی سماجی بہبود، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور قومی خوشحالی کے فروغ کے لیے اپنی معاونت جاری رکھے گا تاکہ ایک مضبوط، ذمہ دار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ممکن بنائی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فکر انگیز خطاب نے شرکا کو قیمتی دینی رہنمائی فراہم کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی آئندہ بھی ایسی بامقصد اور اصلاحی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا۔ تقریب میں نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عبدالعزیز ملک، وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، عقیل ملک، نجیب الہی ملک، روحیل انور بٹ، راجہ نوید ستی، سابق سینئر نائب صدور نوید ملک اور خالد چوہدری ، کنوینر آئی سی سی آئی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے مذھبی امور طارق نصرت وانی سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر سعید انور نے پاکستان کے امن، اتحاد اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ ملک اسلامی اصولوں اور اللہ تعالی سے مخلصانہ وابستگی کے ذریعے ترقی و استحکام کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سابق سینئر نائب صدر محمود احمد وڑائچ نے انجام دیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔