اسلام آباد (سب نیوز)امریکا اور پاکستان نے اعلی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے 5 سالہ معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فانڈیشن اِن پاکستان (یو ایس ای ایف پی)اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے درمیان یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام تعلیمی تبادلے کے پروگرامز کو وسعت دی جائے گی اور ان کی معاونت کی جائے گی، جن میں معروف فل برائٹ اسکالرشپ پروگرام بھی شامل ہے۔
یہ معاہدہ اس مشترکہ عزم کی تجدید کرتا ہے کہ امریکا اور پاکستان کی حکومتیں اعلی تعلیم کے مواقع کے ذریعے باہمی اقتصادی خوشحالی، سلامتی اور سائنسی و تکنیکی ترقی کو فروغ دیں گی۔معاہدے پر آج اسلام آباد میں یو ایس ای ایف پی کے ہیڈکوارٹرز میں یو ایس ای ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نے دستخط کیے۔اس معاہدے کے تحت معاونت حاصل کرنے والے پروگرامز دونوں حکومتوں کی جانب سے مستقبل کے رہنماوں، اسکالرز اور پیشہ ور افراد کو بااختیار بنانے میں سرمایہ کاری کی عکاسی کرتے ہیں، جو پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
اس شراکت داری کے ذریعے پاکستانی طلبہ اور اسکالرز کو امریکا کے معروف تعلیمی نظام تک رسائی حاصل ہوگی، جبکہ پاکستان کے اعلی تعلیمی شعبے میں صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔دوسری جانب پاکستان آنے والے امریکی شہری اختراعی تحقیق، کاروبار اور عوامی صحت کے منصوبوں میں تعاون کریں گے، جن سے امریکی جامعات، کاروباری اداروں اور وسیع تر عوام کو فائدہ پہنچے گا۔یو ایس ای ایف پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے کہاکہ یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام پروگرامز شرکا کو ایسی مہارتیں اور عملی معلومات حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں جو معاشرے کے تمام شعبوں میں پاکستان کی ترقی کے لیے براہ راست فائدہ مند ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس مشن کو آگے بڑھانے کے لیے امریکا اور پاکستان کی حکومتوں کی مسلسل شراکت داری پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحق نے کہاکہ ایچ ای سی اور فل برائٹ کی دیرینہ شراکت داری تعلیمی تعاون کی ایک نمایاں مثال ہے اور یہ پاکستان کے اعلی تعلیمی منظرنامے کے لیے مسلسل بے پناہ قدر پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ اہم معاہدہ پاکستانی اسکالرز اور اعلی تعلیمی اداروں کو بااختیار بنانے کے ہمارے مشترکہ وژن کو اجاگر کرتا ہے، جو آنے والی نسلوں تک ملک کی خدمت کریں گے۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں پبلک ڈپلومیسی کے قائم مقام منسٹر کونسلر ڈیوڈ موئر نے کہاکہ امریکا کو پاکستان کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ اس شراکت داری کی تجدید پر فخر ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ معاہدہ امریکا اور پاکستان دونوں کی صلاحیت اور مسلسل ترقی میں براہ راست سرمایہ کاری ہے۔
ڈیوڈ موئر کا کہنا تھا کہ ہر فل برائٹ اسکالر اور تعلیمی تبادلے کے ہر شریک کو مستقبل میں ایک سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے، جبکہ یہ معاہدہ مزید سیکڑوں طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ایسے مواقع کے دروازے کھولتا ہے جہاں وہ وہ مہارتیں اور روابط حاصل کرسکیں گے جو مستقبل کے رہنماں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔یو ایس ای ایف پی گزشتہ 75 برس سے مشترکہ طور پر مالی معاونت حاصل کرنے والے تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے پروگرامز کا انتظام کر رہا ہے۔ان پروگرامز کے ذریعے 9 ہزار سے زیادہ پاکستانیوں اور تقریبا ایک ہزار امریکیوں کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ کرنے، تحقیق کرنے اور دونوں ممالک میں دیرپا روابط قائم کرنے کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔
پاکستان میں یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام فل برائٹ پروگرام امریکی حکومت کا سب سے نمایاں اسکالرشپ پروگرام ہے۔یو ایس ای ایف پی ایک دو طرفہ کمیشن ہے جسے امریکا اور پاکستان کی حکومتوں نے 1950 میں قائم کیا تھا۔ اس کا مقصد تعلیمی تبادلے کے ذریعے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔
امریکا اور پاکستان میں اعلی تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے 5سالہ معاہدے پر دستخط
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
