گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ دونوں جماعتیں گلگت بلتستان میں نہ صرف مشترکہ انتخابی مہم چلائیں گی بلکہ خطے کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھی مل کر جدوجہد جاری رکھیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت پریس کلب میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ق) کے صوبائی صدر دلفراز خان، مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اراکین رضوان صادق خان اور انیلہ ایاز چوہدری، پارٹی امیدواران عاصم خان اور شیر عالم جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ، سینیٹر اعجاز احمد، سعدیہ دانش اور امیدوار جمیل احمد بھی موجود تھے۔
غلام مصطفیٰ ملک نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) وفاق کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین قومی مفاہمت، سیاسی استحکام اور افہام و تفہیم کی سیاست کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) نے 2005 سے 2009 تک گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے بتایا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور پارٹی قیادت کی منظوری کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) نے گلگت بلتستان انتخابات 2026 میں سیاسی تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت حلقہ GBA-2 گلگت سے مسلم لیگ (ق) کے امیدوار عاصم خان اور حلقہ GBA-19 غذر-2 سے امیدوار شیر عالم پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوں گے، جبکہ دیگر حلقوں میں مقامی قیادت کی باہمی مشاورت سے آئندہ فیصلے کیے جائیں گے۔غلام مصطفیٰ ملک نے واضح کیا کہ سکردو اور دیامر ڈویژن میں مسلم لیگ (ق) اپنی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے گی اور پارٹی امیدواروں کی کامیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں جماعتوں کے درمیان یہ تعاون گلگت بلتستان میں بہتر حکومت سازی، سیاسی استحام اور عوامی خدمت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ہمایوں خان نے مسلم لیگ (ق) کی قیادت بالخصوص چوہدری شجاعت حسین، چوہدری شافع حسین، وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے اس فیصلے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی پوزیشن مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی امیدیں پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ ہیں اور انشاء اللہ انتخابات میں کامیابی کے بعد عوامی خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور خطے کی خوشحالی کے مشن کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون، سیاسی ہم آہنگی اور عوامی رابطے کے ذریعے گلگت بلتستان کے روشن مستقبل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

