Thursday, June 4, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانایتھوپیا اور پاکستان کا ثقافتی و سیاحتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایتھوپیا اور پاکستان کا ثقافتی و سیاحتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز) ایتھوپیا اور پاکستان نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے کے لیے ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

اس حوالے سے اہم ملاقات ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کچھی کے درمیان وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں وفود کے تبادلے، ثقافتی روابط کے فروغ اور تجربات و معلومات کے اشتراک پر خصوصی توجہ دی گئی۔

ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان تاریخی تعلقات اور مشترکہ اقدار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپین ایئرلائنز دونوں ممالک کے درمیان ہی نہیں بلکہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان بھی مؤثر فضائی رابطے قائم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

سفیر نے وفاقی وزیر کو ایتھوپیا کے منفرد ثقافتی ورثے سے بھی آگاہ کیا، جس میں ایتھوپیا کا جداگانہ کیلنڈر، روایتی تہوار اور ملک کی بھرپور نسلی و لسانی تنوع شامل ہیں۔

عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایتھوپیا کے سفیر نے دونوں ممالک کی ثقافتی وزارتوں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تجویز پیش کی، جس کے تحت مشترکہ ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے گا۔

وفاقی وزیر اورنگزیب خان کچھی نے اس تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے قائم مضبوط بنیادوں پر استوار تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔

ملاقات کو دونوں دوست ممالک کے درمیان ثقافتی اور سیاحتی روابط کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔