Monday, June 1, 2026
spot_img
spot_imgspot_img
ہومپاکستانبیرسٹر گوہر علی خان انتخابی مہم کیلئے سکردو پہنچ گئے

بیرسٹر گوہر علی خان انتخابی مہم کیلئے سکردو پہنچ گئے

سکردو(آئی پی ایس) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان گلگت بلتستان کے انتخابی دورے پر سکردو پہنچ گئے، جہاں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

پی ٹی آئی کے مطابق بیرسٹر گوہر سکردو سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ سکردو پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان الیکشن مہم کے سلسلے میں سکردو پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب محض اقتدار کے حصول کی جدوجہد نہیں بلکہ گلگت بلتستان میں جمہوریت کے مستقبل کا فیصلہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف بانی چیئرمین عمران خان کا پیغام ہر شہر، قصبے اور گاؤں تک پہنچا رہی ہے اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی معاشی ترقی، بہتر حکمرانی اور سماجی انصاف کے لیے اپنے پروگرام عوام کے سامنے پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے گلگت بلتستان کے کارکنوں، حامیوں اور بہتر مستقبل پر یقین رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس جمہوری جدوجہد میں تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی سے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا، رہنماؤں کو روکا گیا اور بعض کو صوبہ بدر بھی کیا گیا، جبکہ آزادانہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر جماعتوں کو مکمل آزادی حاصل ہے جبکہ تحریک انصاف کے ساتھ مختلف نوعیت کی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام خود فیصلہ کریں گے کہ کون محب وطن ہے اور کون نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ انتخابی مہم کو وقار، احترام اور عوامی مفاد کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہیں عوام پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اپنی جماعت کی سوچ، کارکردگی اور عوامی خدمت کے جذبے کی بنیاد پر عوامی مینڈیٹ حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ گلگت بلتستان کے عوام 7 جون کو عمران خان کے نام پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔