اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان اور چین کی دوستی کے 75سال مکمل ہونے پر حکومتِ پاکستان نے 75 روپے مالیت کا یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 25 مئی 2026سے عوام کے لیے دستیاب ہوگا۔پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات 21 مئی 1951 کو قائم ہوئے تھے، اور اب ان تاریخی تعلقات کے 75 برس مکمل ہونے پر اس خاص سکے کا اجرا کیا جا رہا ہے۔
یہ سکہ اسٹیٹ بینک بینکنگ سروسز کارپوریشن کے مختلف دفاتر سے حاصل کیا جا سکے گا۔یادگاری سکے پر پاکستان اور چین کے قومی پرچم نمایاں ہوں گے، جبکہ اس پر دونوں ممالک کی دوستی اور تعاون کو بھی خوبصورت انداز میں ظاہر کیا گیا ہے۔ سکے پر انگریزی، اردو اور چینی زبان میں پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا ذکر درج ہوگا۔حکام کے مطابق یہ سکہ تانبے اور نکل سے تیار کیا گیا ہے، جس کا وزن 19 گرام اور قطر 36 ملی میٹر رکھا گیا ہے۔ سکے کے ایک جانب ہلال، ستارہ اور اسلامی جمہوریہ پاکستان درج ہوگا، جبکہ دوسری جانب دونوں ممالک کے پرچم اور اعتماد، دوستی، تعاون کا پیغام تحریر ہوگا۔ پاکستان اور چین کی دوستی کو دنیا بھر میں مثالی تعلقات قرار دیا جاتا ہے، اور یہ خصوصی سکہ اسی مضبوط رشتے کی یادگار کے طور پر جاری کیا جا رہا ہے۔
