Thursday, May 14, 2026
ہومپاکستانپاکستان نے چین کی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا

پاکستان نے چین کی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا

بیجنگ(آئی پی ایس )مشیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین کی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ کامیابی سے جاری کر دیا۔خرم شہزاد نے کہا کہ پاکستان نے 1.75ارب یوآن کے بانڈز پر 8.8ارب یوآن کی پیشکشیں موصول کی، پاکستان کو پانڈا بانڈ پر 5گنا زیادہ ڈیمانڈ کی پیشکش ہوئی، پاکستان کو صرف 2.5فیصد کی پرکشش شرح سود پر پانڈا بانڈ کی پیشکش ملی۔
خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی معاشی اصلاحات پر بھرپور اعتماد ہے پاکستان استحکام سے ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے اور اب ایک نئے معاشی باب کا آغاز کر رہا ہے۔پاکستان پہلی مرتبہ پانڈا بانڈ کے ذریعے چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کر رہا ہے، جو دنیا کی سب سے بڑی اور گہری کیپیٹل مارکیٹس میں شمار ہوتی ہے۔پانڈا بانڈ کا یہ اجرا پاکستان کی مالیاتی حکمتِ عملی میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے ملک اپنی فنانسنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کرنے اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو وسعت دینے کی جانب پیش قدمی کر رہا ہے۔
پاکستان اب روایتی مالیاتی ذرائع کے ساتھ ساتھ مارکیٹ بیسڈ فنانسنگ کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پانڈا بانڈ کے ذریعے پاکستان پہلی بار چینی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرے گا، جو پاکستان کی معاشی بحالی اور عالمی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔پانڈا بانڈ پروگرام کا مجموعی حجم ایک ارب امریکی ڈالر رکھا گیا ہے، جب کہ ابتدائی اجرا 250 ملین امریکی ڈالر کے مساوی ہوگا۔ اس اجرا کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت حاصل ہے، جس سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔