راولپنڈی(سب نیوز)سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتن الخوارج سے تعلق رکھنے والے 6 خوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعب تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آپریشن 24 اکتوبر 2026 کو علاقے میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک غلام مرتضی اور سپاہی تاثیر احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، شہید نائیک غلام مرتضی کی عمر 36 سال اور تعلق ضلع گجرات سے تھا، جبکہ 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد کا تعلق ضلع تلہ گنگ سے تھا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشت گرد حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث رہے تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی ہدایات کے تحت وژن عزمِ استحکام کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جاسکے۔واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کے مطابق وطن کے دفاع میں بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
