ہومپاکستانثاقب چدھڑ کا ایک اور اسکینڈل، مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر جھنگ کو عہدے سے ہٹا دیا

ثاقب چدھڑ کا ایک اور اسکینڈل، مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر جھنگ کو عہدے سے ہٹا دیا

لاہور (سب نیوز)وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے پروٹوکول کے لیے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا)کی گاڑی استعمال ہونے کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پنجاب کی جانب سے 25 اکتوبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر جھنگ بابر صاحب دین کو فوری طورپرتبدیل کرکے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، نوٹیفکیشن میں انہیں مزید احکامات تک او ایس ڈی قرار دیا گیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے ایکس اکاونٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایک ویڈیو میں کارریلی کے دوران پیرا کی گاڑی بھی شریک دکھائی دے رہی ہے، کسی ریگولیٹری اتھارٹی کے وسائل کا طے شدہ دائرہ کار سے ہٹ کراستعمال سنگین خلاف ورزی ہے۔وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کا غیر سنجیدہ مقاصد کے لیے استعمال طے شدہ پالیسی کے منافی ہے، اس لیے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پرعہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔