Monday, May 4, 2026
ہومپاکستاناسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ میں اہم رابطہ، خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو

اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ میں اہم رابطہ، خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد(سب نیوز)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان رابطہ ہوا جس میں خطے کی مجموعی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران پاکستانی اور ایرانی وزرائے خارجہ نے موجودہ علاقائی پیش رفت پر تفصیلی بات چیت کی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مختلف فریقین کے درمیان مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور ثالثی کی سنجیدہ کوششوں کی تعریف کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں تعمیری روابط کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا پائیدار حل صرف مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور یہی راستہ دیرپا امن و استحکام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے بھی ایرانی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور بطور ثالث ملک پاکستان کی تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔