راولپنڈی(آئی پی ایس )پولیس نے چوہڑ چوک کے علاقے سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے خود کو بھارتی شہری ظاہر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی تھانہ ویسٹریج کی پولیس نے چوہڑ چوک کے علاقے سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے خود کو بھارتی شہری ظاہر کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے کے متن کے مطابق، پولیس اہلکار گشت پر مامور تھے کہ ایک مشکوک شخص کو دھمیال کی طرف جاتے دیکھا۔ پولیس کو دیکھ کر اس شخص نے گھبرا کر واپس مڑنے کی کوشش کی جس پر اسے فوری طور پر روک لیا گیا۔تلاشی اور پوچھ گچھ کے دوران جب مشکوک شخص سے اس کی شناختی دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ کوئی بھی قانونی دستاویز پیش نہ کر سکا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص نے اپنی شناخت دلیر مشتاق ولد مشتاق احمد صوفی کے نام سے کروائی اور اعتراف کیا کہ وہ بھارتی شہری ہے۔گرفتار شخص کے قبضے سے دو بال پین اور 1750 روپے پاکستانی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور متعلقہ اداروں کو اس حوالے سے مطلع کر دیا گیا ہے تاکہ مزید حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
