Monday, April 27, 2026
ہومتازہ ترینپاکستان کی قیادت قابل احترام، ٹرمپ نے ایک بار پھر تعریفوں کے پل باندھ دیے

پاکستان کی قیادت قابل احترام، ٹرمپ نے ایک بار پھر تعریفوں کے پل باندھ دیے

واشنگٹن:(آئی پی ایس) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے حوالے سے مثبت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا بے حد احترام کرتے ہیں اور ملکی قیادت کو قابلِ قدر سمجھتے ہیں۔

امریکی میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف دونوں باصلاحیت اور قابل احترام شخصیات ہیں۔
ٹرمپ نے اپنی گفتگو میں ایک بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ ممکنہ جنگیں رکوا دیں جن میں بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی بھی شامل تھی۔
ان کے مطابق یہ تنازع خطرناک حد تک بڑھ چکا تھا اور جوہری تصادم کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران 11 طیارے بھی تباہ ہوئے تاہم بروقت سفارتی مداخلت کے باعث بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
ٹرمپ کے بقول پاکستان کی قیادت نے بھی اس عمل کو سراہا اور اسے لاکھوں جانیں بچانے کے مترادف قرار دیا۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی اور جلد معاملات کسی نتیجے تک پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے ایران کو براہ راست رابطے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اگر تہران سنجیدہ ہے تو فون کے ذریعے بھی بات چیت ممکن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے اندر مختلف سوچ رکھنے والے عناصر موجود ہیں، کچھ بات چیت کے حق میں ہیں جبکہ کچھ سخت مؤقف رکھتے ہیں تاہم امید ہے کہ دانشمندی کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔
ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ٹرمپ نے واضح کیا کہ افزودہ یورینیم کا معاملہ مذاکرات کا اہم حصہ ہے اور امریکہ اس پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتا ہے۔
عالمی طاقتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے چین کے کردار کو بہتر قرار دیا لیکن ساتھ ہی کہا کہ بیجنگ مزید مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔
دوسری جانب دفاعی اتحاد نیٹو پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے معاملے پر نیٹو نے امریکہ کا ساتھ نہیں دیا جبکہ بعد میں برطانیہ کی جانب سے تعاون کی پیشکش کو انہوں نے غیر مؤثر قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔