اسلام آباد (سب نیوز )دعوت اسلامی کے فلاحی شعبہ فیضان گلوبل ریلیف فانڈیشن نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے یوکے سطح کا اہم اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ایف جی آر ایف نے رواں سال برطانیہ میں ایک اور ملکی سطح کا ایوارڈ جیت کر اسلام اور پاکستان کا نام روشن کیا ، جبکہ اعزازات اور اسناد کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
یہ اعزاز ایف جی آر ایف کے برطانیہ، یورپ اور کینیڈا کے سربراہ سید فضیل رضا عطاری کو ان کی شاندار فلاحی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تنظیم کا بنیادی مشن انسانیت کی بے لوث خدمت کرنا ہے، اور یہی جذبہ انہیں دنیا بھر میں دکھی انسانوں کی مدد پر آمادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دعوت اسلامی کے فلاحی شعبے کے طور پر ایف جی آر ایف نبی کریم ۖ کی اس تعلیم پر عمل پیرا ہے جس کا مفہوم ہے کہ بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے۔ ان کے مطابق یہ سب بانی دعوت اسلامی، امیرِ اہلسنت حضرت مولانا محمد الیاس عطار قادری کی قیادت اور فیض کا نتیجہ ہے، جنہوں نے خدمتِ خلق کا یہ عظیم جذبہ پروان چڑھایا۔
سید فضیل رضا عطاری کا کہنا تھا کہ ایف جی آر ایف بغیر کسی دنیاوی مفاد کے، صرف رضائے الہی اور آخرت کی کامیابی کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ اعزاز کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ دعوت اسلامی اور ایف جی آر ایف سے وابستہ ہر کارکن کی مشترکہ محنت کا ثمر ہے۔ یہ خیالات انہوں نے ایف جی آر ایف برطانیہ کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے اظہار کیے۔
