Sunday, April 19, 2026
ہومتازہ تریناسلام آباد میں تمام ہائیکنگ ٹریلز تا حکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ، ضلعی انتظامیہ کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد میں تمام ہائیکنگ ٹریلز تا حکم ثانی بند کرنے کا فیصلہ، ضلعی انتظامیہ کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(سب نیوز) ضلعی مجسٹریٹ اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں واقع مختلف ہائیکنگ ٹریلز کو بند کرنے کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ٹریل 2، ٹریل 3، ٹریل 4، ٹریل 5 اور سیدپور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل کو 20 اپریل 2026 سے تاحکمِ ثانی عام شہریوں کے لیے بند رکھا جائے گا۔ یہ فیصلہ عوامی مفاد اور انتظامی وجوہات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن، جس پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ عرفان نواز میمن کے دستخط موجود ہیں، میں واضح کیا گیا ہے کہ مذکورہ ٹریلز پر کسی بھی قسم کی عوامی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی جب تک مزید احکامات جاری نہیں کیے جاتے۔ضلعی انتظامیہ نے اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی ہیں، جن میں چیف کمشنر آفس، اسلام آباد پولیس، سی ڈی اے، وزارتِ داخلہ، پیمرا اور دیگر متعلقہ محکمے شامل ہیں۔ میڈیا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اس فیصلے کو بھرپور انداز میں عوام تک پہنچایا جائے۔

مزید برآں، اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو سکیورٹی اور نفاذ کے حوالے سے ضروری اقدامات اٹھانے کی تاکید کی گئی ہے تاکہ کسی بھی خلاف ورزی کو روکا جا سکے۔حکام کے مطابق شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے احکامات کی پاسداری کریں اور بندش کے دوران ان مقامات کا رخ کرنے سے گریز کریں۔

1000676771

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔