لاہور(سب نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر اور ہماری عزت ہے یہ کسی جاگیردار یا بیورو کریٹس کی ملکیت نہیں ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے ایوانِ اقبال میں معروف مزاح نگار اور شاعر سید سلمان گیلانی کی یاد میں سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج کی یہ محفل اُن کی یاد میں سجی ہے جوہم میں سے چلے گئے اور بہت دور جا چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ جب اللہ چاہتا ہے دنیا میں انسان کو لے آتا ہے جب چاہتا ہے واپس بلا لیتا ہے، کچھ لوگ دنیا میں اپنی زات کے لئے نہیں ہوتے ہیں وہ لوگ امت کے لئے ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کے چلے جانے سے ایک جہان یتیم ہوجاتا ہے۔سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ سید سلمان گیلانی سب کے تھے، یہ سیمینار اُن کی خدمات کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے، وہ اپنے والد سید امین گیلانی کی شعر وشاعری طرز اسلوب کے امین تھے، میں خوش قسمت ہوں کہ مجھے اُن کے والد کا دست شفقت نصیب ہوا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب امین گیلانی گفتگو کے لئے سٹیج پر آتے تھے تو محسوس ہوتا جیسے کوئی درویش آگیا ہے، انہوں نے پہلا شعر پڑھا تو پورے اجتماع پر روح پرور مناظر طاری ہوگئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سید عطاءاللہ شاہ بخاری کی وفات پر پنجاب اور ملتان میں ہر شخص 1961 میں کہہ رہا تھا کہ آج ہم یتیم ہو گئے، ختم نبوت کے تحفظ کے لئے ہمارے علماء نے قربانیاں دیں، 1974 کی تحریک کا میں خود بھی حصہ رہا ہوں۔سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ میں نے ملتان میں ایک ہفتہ جیل بھی کاٹی، کمرہ کتابوں سے بھرا ہوتا تھا اور علما کی ایک بڑی تعداد کورٹ میں ہمارے ساتھ ہوتی تھی، پھر ہم نے عقیدہ ختم نبوت کا کیس جیت لیا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ختم نبوت کی دستاویز ہماری اسمبلی میں موجود ہے، جو لوگ اِس دنیا سے جاچکے اُن کا مشن ہم نے پورا کرنا ہے، پاکستان کلمے کے نام پر بنا مگر افسوس 78 سال بعد بھی اسلام کا نفاذ نہیں ہو سکا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم لوگ آج بھی مغربی دنیا کے دباؤ میں ہیں، آئین پاکستان کہتا ہے ملک میں قانون سازی قرآن و سنت کے مطابق ہو،پاکستان ہمارا گھر ہے ہماری عزت ہے یہ کسی جاگیردار یا بیوروکریٹس کی ملکیت نہیں ہے۔
