Thursday, April 16, 2026
ہومبریکنگ نیوزایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر کی وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال سے ملاقات

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر عمر کی وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال سے ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز )فیڈرل ڈیموکریٹک ریپبلک آف ایتھوپیا کے غیر معمولی و مکمل اختیارات کے حامل سفیر، عزت مآب ڈاکٹر عمر حسین اوبا نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزارتِ تجارت میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وفاقی وزیرِ تجارت، جام کمال خان سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، رابطہ سازی، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تاکہ باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ دونوں جانب نے 2023 میں طے پانے والے دوطرفہ تجارتی معاہدے کے مطابق ایک مشترکہ تجارتی کمیٹی (جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی) کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔

سفیر ڈاکٹر عمر نے ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان بہتر رابطہ سازی کی اہم ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بہتر لاجسٹکس تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے ایتھوپیا میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا، خصوصا زراعت، صنعت، آئی سی ٹی اور کان کنی کے شعبوں میں، اور پاکستانی کاروباری برادری کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

وفاقی وزیر نے ان شعبوں میں ترقی کے وسیع امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے 2025 میں ادیس ابابا میں منعقد ہونے والی پاکستان کی سنگل کنٹری نمائش کے دوران اپنے حالیہ دورہ ایتھوپیا کا ذکر کیا۔ انہوں نے سفیر کو اپنے مکمل تعاون اور عزم کا یقین دلایا کہ دونوں ممالک کے درمیان ایک مربوط اور خوشحال اقتصادی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔