ہوماسلام آبادکشمیر میں بھارت کے غیرقانونی قبضے کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ درپیش ہے، عبدالحمید لون

کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی قبضے کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ درپیش ہے، عبدالحمید لون

اسلام آباد(آئی پی ایس )حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارت کے غیرقانونی قبضے کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ درپیش ہے۔تفصیلات کے مطابق حریت رہنما عبدالحمید لون نے امن کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے بیان میں کہا کہ امن کا عالمی دن 1981 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ذریعہ قائم کیا گیا تھا، 2001 میں جنرل اسمبلی نے عدم تشدد اور جنگ بندی کی مدت کے طور پر نامزد کرنے کے لیے ووٹ دیا۔انہوںنے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی افواج کو امن خراب کرنے کی کھلی چھوٹ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اقوام متحدہ کے لئے سوالیہ نشان ہے۔عبدالحمید لون نے کہا کہ برصغیر جنوب ایشیا میں بھارت کی فسطائی حکومت کی وجہ سے امن وامان درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے، بھارت اقوام متحدہ کا رکن ہونے کے باوجود اقوام متحدہ کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا مرتکب ہے۔حریت رہنما نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کے بعد مقبوضہ جموں کشمیر کو جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا، 80 لاکھ کی آبادی مسلسل عتاب کا شکار ہیں، بھارتی قابض افواج اور ایجنسیاں کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے تاوان حاصل کررہے ہیں۔عبدالحمید لون نے کہا ہے کہ کشمیری خواتین اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اپنا کردار ادا کریں، فرضی جھڑپوں میں بھارتی فوجی افسران رینک اور پیسے وصول کر رہے ہیں، بھارتی قابض افواج کو کالے قوانین کا تحفظ حاصل ہے اور وہ کسی بھی شخص کو قتل کرسکتے ہیں، بھارتی قابض افواج کو کشمیریوں کو مارنے کا لائسنس حاصل ہے۔حریت رہنما عبدالحمید لون نے مزید کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گرفتاریاں، تشدد، ماردھاڑ، ماورائے عدالت قتل اور عوام کی جان و مال پر بھارتی قابض افواج کو کوئی بھی جواب دہی نہیں ہے، مقبوضہ کشمیر کے مستقل حل اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے اقوام متحدہ اپنا عملی کردار ادا کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔