اسلام آباد (آئی پی ایس )وفاقی حکومت نے اسپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے لیے اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اسپین کی اس سکیم سے دیگر ممالک کے علاوہ تقریبا 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پاکستانیوں کے لیے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، ڈی جی ایف آئی اے، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خارجہ، ایم ڈی او پی ایف، نادرا اور پاسپورٹ کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد، قونصل جنرل بارسلونا محمد علی وزیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی بذریعہ زوم اجلاس میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے بتایا کہ اسپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کیلئے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر کاغذات ایک ہفتے میں جاری کیے جائیں گے۔
اسپین کی اس سکیم سے دیگر ممالک کے علاوہ تقریبا 15 ہزار پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد اجرا اولین ترجیح ہے۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کسی مجرم یا مطلوب ملزم کو ہرگز پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے۔ سفارت خانے کو پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فوری فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو سہل اور تیز کیا گیا ہے، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں۔اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام ادارے پاکستانیوں کو ضروری دستاویزات کی بروقت دستیابی کے لیے ملکر کام کر رہے ہیں، کیریکٹر سرٹیفیکیٹ اور پاسپورٹ کے اجرا میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ اور قونصل جنرل اب تک 10 ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹر جاری کر چکا ہے۔
