اسلام آباد (سب نیوز)پاکستان اور سعودی عرب نے تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل معاونت کو سراہا، کہا پاکستان میں معاشی استحکام کی بحالی کے لیے پیش رفت جاری ہے، زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ اداروں نے پاکستان کی درجہ بندی بہتر کی، پاکستان نے عالمی سرمایہ منڈیوں میں دوبارہ رسائی حاصل کر لی ہے، پاکستان نے حال ہی میں 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز بھی جاری کیے، پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاکستان کی چین کی سرمایہ منڈی تک رسائی کے لیے کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں ملکوں کے درمیان زراعت، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔ پاکستان کو علاقائی تجارت اور راہداری کا اہم مرکز بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تعاون ضروری ہے، پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
