Tuesday, March 24, 2026
ہومتازہ ترینپاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،سپیکر ایاز صادق

پاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،سپیکر ایاز صادق

اسلام آباد، (سب نیوز): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قراردادِ لاہور کے ذریعے ایک علیحدہ اسلامی ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی گئی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ دن ہمیں ہمارے اکابرین کی بصیرت، جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جن کی بدولت پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ انہوں نے یومِ پاکستان کو بانیانِ پاکستان کے وژن کے مطابق ملک کو ایک مضبوط، مستحکم اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے ذمہ داریوں کی تجدید کا موقع قرار دیا۔

اس موقع پر اسپیکر نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستانی قوم کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں دہشتگردی، معاشی مشکلات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال شامل ہیں۔ انہوں نے مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اسپیکر نے کہا کہ قومی یکجہتی، باہمی احترام اور آئین کی بالادستی ہی پاکستان کو ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنانے کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے فلسطین اور کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے فلسطینی و کشمیری بہن بھائیوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

آخر میں اسپیکر نے یومِ پاکستان کے موقع پر ملک کی خوشحالی، ترقی اور سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔