Wednesday, March 18, 2026
ہومتازہ ترینعید الفطر پر مری میں سیاحوں کا غیر معمولی رش متوقع: ڈی پی او مری نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی،'سیف ٹورازم مری' ایپ کا استعمال لازمی قرار

عید الفطر پر مری میں سیاحوں کا غیر معمولی رش متوقع: ڈی پی او مری نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی،’سیف ٹورازم مری’ ایپ کا استعمال لازمی قرار

مری/راولپنڈی(سب نیوز) ملکہ کوہسار مری میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران 4سے 5 لاکھ سیاحوں کی امدروفت متوقع ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے مری پولیس نے سیکیورٹی اور ٹریفک کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مری، ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے سیاحوں کی سہولت کے لیے خصوصی ویڈیو پیغام کے ذریعے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے “سیف ٹورازم مری” موبائل ایپ کا استعمال لازمی قرار دیدیا ہے۔

گزشتہ سال (عید الفطر 2025) کے اعداد و شمار کے مطابق، مری میں پہلے روز تقریبا 28 ہزار688، دوسرے اور تیسرے روز بالترتیب 51,380 اور 57,855 اور چوتھے روز 35ہزار 119گاڑیوں کا داخلہ ہوا تھا جس میں ایک محتاط اندازے کے مطابق 4 سے 6 لاکھ سیاحوں نے عید تعطیلات میں مری کا رخ کیاتھا۔

ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات کے مطابق مری میں یومیہ 8,000 گاڑیوں کی گنجائش ہے، تاہم نئے سال کی شام جیسے مواقع پر یہ تعداد 12,000 تک جا پہنچتی ہے لیکن پچھلے سال مری داخل ہونے والی گاڑیوں کے اعداد و شمار کو سامنے رکھتے ہوئے امسال عید پر سیاحوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ٹریفک مینجمنٹ پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمدرضا تنویر سپرا نے سیاحوں کو تاکید کی ہے کہ وہ سفر سے قبل گوگل پلے اسٹور سے ‘Safe Tourism Murree’ایپ لازمی ڈاؤن لوڈ کریں۔ اس ایپ کے ذریعے خواتین سیاحوں کو ورچوئل پولیس سٹیشن،سیاحوں کو ریسکیو 1122، ٹریفک اور موٹروے پولیس تک ون ٹچ رسائی، ہنگامی صورتحال میں ڈی پی او مری کو واٹس ایپ پر پیغام بھیجنے کی سہولت،ہوٹلز کی فہرست، سیاحتی مقامات، تھانوں کے لوکیشن اور اے آئی چیٹ بوٹ (AI Chatbot) کے ذریعے رہنمائی،مری کے بدلتے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل ہو جائے گی ۔

محکمہ موسمیات نے عید کی تعطیلات کے دوران مری اور گردونواح میں بارش، گرج چمک اور طوفانی موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ ڈاکٹر محمد رضا تنویر نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ سفر کا آغاز کرنے سے پہلے موسم کی رپورٹ اور ٹریول ایڈوائزری چیک کریں۔ بارش اور دھند کے دوران ڈرائیونگ میں انتہائی احتیاط برتیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر کال کریں یا ایپ کا استعمال کریں۔

ڈاکٹر محمد رضا تنویر کا کہنا تھا کہ مری پولیس سیاحوں کو محفوظ اور دوستانہ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ہماری ترجیح سیاحوں کی حفاظت ہے، اور سیف ٹورازم ایپ اس سلسلے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔