اسلام آباد(آئی پی ایس )آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ڈمپنگ اور کیمیکل مکسنگ کے خلاف ملک گیر کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے مظفر گڑھ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران ایک لاکھ 35 ہزار لیٹر سے زائد ذخیرہ شدہ پیٹرول اور ڈیزل برآمد کر لیا گیا ہے۔
اوگرا حکام کے مطابق مظفر گڑھ میں ایک پیٹرول پمپ کے پارکنگ ایریا میں موجود متعدد آئل ٹینکرز سے ہزاروں لیٹر تیل برآمد ہوا، جس کے بعد پمپ کو سیل کر دیا گیا ہے۔حکام نے تیل میں کیمیکل مکسنگ کے شبے میں نمونے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ اس کی تصدیق ہو سکے اور ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جا سکے۔ایک اور کارروائی بہاولپور میں کی گئی جہاں 48 ہزار لیٹر پیٹرول ضبط کر لیا گیا اور غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث متعدد پیٹرول ایجنسیاں سیل کر دی گئیں۔
اس کے علاوہ بہاولپور میں ہی ایک ایل پی جی پلانٹ کو بھی سیل کیا گیا ہے جو مقررہ قیمت سے 150 روپے فی کلو اضافی قیمت پر گیس فروخت کر رہا تھا۔اوگرا کے سینئر ایگزیکٹو ڈائریکٹر انفورسمنٹ نے ملک بھر میں ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور ناقص کیمیکل ملے تیل کی فروخت کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
