Sunday, March 15, 2026
ہومبریکنگ نیوزترکیہ اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

ترکیہ اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

انقرہ(آئی پی ایس )ترکیہ کے وزیر خارجہ خاقان فیدان اور بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان کے درمیان انقرہ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ یہ ملاقات بنگلہ دیش میں نئی حکومت کے قیام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی باضابطہ بات چیت تھی۔

انقرہ میں ہونے والی اس ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیراعظم کے خارجہ مشیر ہمایوں کبیر بھی شریک تھے۔ حکام کے مطابق مذاکرات میں ترکیہ اور بنگلہ دیش کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر اقتصادی تعاون بڑھانے، بنگلہ دیش میں ترک سرمایہ کاری میں اضافے اور بنگلہ دیشی ہنرمند کارکنوں کے لیے ترکیہ میں مزید مواقع پیدا کرنے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے جاری تعاون کا جائزہ لیا اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات کی۔ بنگلہ دیشی وفد نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور افرادی قوت کی برآمد کو اہم قرار دیا جبکہ ترکیہ نے اقتصادی اور سفارتی روابط کو مزید گہرا کرنے میں اپنی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس بریفنگ میں کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں غزہ کی صورتحال بھی شامل تھی، اور عالمی سطح پر امن کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔

ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ترکیہ کی ڈپلومیسی اکیڈمی اور بنگلہ دیش فارن سروس اکیڈمی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے تاکہ سفارتی تربیت اور صلاحیت سازی کو بہتر بنایا جا سکے۔ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے بنگلہ دیشی وفد کے اعزاز میں افطار اور عشائیہ بھی دیا، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور تعاون کے امکانات پر مزید بات چیت کی گئی۔ ترکیہ نے اقوام متحدہ کے فورمز میں بنگلہ دیش کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا اور آئندہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کے لیے بنگلہ دیش کی امیدواری کی بھی حمایت کی۔ حکام نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے نتائج سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔