Thursday, February 5, 2026
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری اور مستقبل میں شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی ڈیزائن، ڈی جی انفراسٹرکچر اور دیگر افسران کے علاوہ متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں مستقبل میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کی منصوبہ بندی اور جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہوں کو ماسٹر پلان کے تحت آپس میں منسلک کرنے سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑی شاہراہوں کو آپس میں منسلک کرنے والے عدم موجود لنکس کی تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ رنگ روڈ کے فنکشنل ہونے اور مارگلہ ایونیو کے موٹر وے کیساتھ منسلک ہونے سے متعلقہ شاہراں پر ٹریفک کے بہتر انتظام کی منصوبہ بندی ضروری ہے۔اجلاس میں الیونتھ ایونیو کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسی طرح اجلاس میں 10th ایونیو پر تعمیراتی کام مکمل کرنے کے حوالے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں شاہراں کی تعمیر سے مارگلہ ایونیو، سرینگر ایونیو اور دیگر ملحقہ شاہراہوں سے شہر میں داخل ہونے والی ٹریفک کو سہولت میسر آئیگی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ مستقبل میں شروع کئے جانے والے منصوبوں کی بروقت ای آئی اے کروانے کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینتھ ایونیو اور الیونتھ ایونیو کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرکے ایسا تعمیراتی پلان بنایا جائے کہ ٹریفک کی مستقبل کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ایسی جگہوں پر شجرکاری سے اجتناب کیا جائے جو ماسٹر پلان میں شاہراں یا تعمیراتی مقاصد کیلئے مختص کی گئی ہیں۔ شجرکاری کرتے وقت ایسی جگہوں کا انتحاب کیا جائے جو مستقل طور پر شہر کی سرسبز و شادابی کا باعث بنیں۔ اجلاس میں اسلام آباد کنونشن، ایگزیبیشن اینڈ ایکسپو سینٹر منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مزیدبرآں اجلاس میں کشمیر چوک کے مقام پر ٹریفک کے مسائل کے حل کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، اجلاس میں مارگلہ ایونیو کو موٹروے ایم ون سے ملانے کے منصوبے پر جاری کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اسی طرح دارالحکومت اسلام آباد میں لگژری ہوٹل کی تعمیر کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو انکے ٹائم لائنز کے مطابق پایہ تکمیل پہنچانے کیساتھ اعلی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔