Thursday, February 5, 2026
ہومبریکنگ نیوزکاروباری برادری ملکی اقتصادی ترقی کے لیے پر عزم ہے: سردار طاہر محمود

کاروباری برادری ملکی اقتصادی ترقی کے لیے پر عزم ہے: سردار طاہر محمود

اسلام آباد(آئی پی ایس )اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک میں کاروبار کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کرنے کی رویت پر بھرپور طریقے سے کاربند ہے۔ اسی سلسلے میں چیئرمین فیصل ٹان گروپ چوہدری عبدالمجید کے اعزاز میں آئی سی سی آئی اور ون ون مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپرز کی جانب سے ایک تقریب منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں ہاسنگ سیکٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ معیار زندگی کو بہتر بنانے، سماجی استحکام کو فروغ دینے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے معیاری اور سستی رہائش تک رسائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہاسنگ ڈویلپمنٹ اور جدید رہائشی سہولتوں کی فراہمی میں فیصل ٹان گروپ کی خدمات کا اعتراف کیا اور سراہا۔اس موقع پر چوہدری عبدالمجید نے آئی سی سی آئی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کاروبار دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کے لیے چیمبر کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عوامی ضروریات کے مطابق ہاسنگ سیکٹر میں اپنا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ہاسنگ سیکٹر کی منظم ترقی کو یقینی بنانے کے لیے چیمبر، ڈویلپرز اور متعلقہ حکام کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اللہ تعالی کی نعمت ہے اور ہم نے مئی 2026 میں میدان جنگ میں بھارت کے خلاف فتح حاصل کی اور اب اتحاد اور ثابت قدمی سے معاشی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود وہ اور ان کا گروپ سستے اور جدید گھروں کی فراہمی کے اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے اور حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ ملک کے بہترین معاشی مفاد میں تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرے اور تاجر برادری کی راہ میں غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کرنے والے ذمہ داروں کو جوابدہ بنائے۔

چیئرمین آئی سی سی آئی فانڈر گروپ شیخ طارق صادق نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید تاجر برادری کے لیجنڈ اور رول ماڈل ہیں جو انتہائی عزت و تکریم کے مستحق ہیں اور پوری تاجر برادری ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے معروف کاروباری شخصیات کو مناسب احترام اور پہچان کی اہمیت کے بارے میں بتایا اور نوجوان کاروباریوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے لیے تعلیمی نصاب میں ان کی کامیابی کی کہانیاں شامل کرنے کی اہمیت پر بات کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ تاجر برادری کو نہ صرف ہراساں کیا جاتا ہے بلکہ کردار کشی کا نشانہ بنایا جاتا ہیسابق صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید عظیم انسان ہیں جو ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں۔تقریب میں مختلف کاروباری شعبوں بالخصوص ہاسنگ اور رئیل اسٹیٹ کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نمایاں شرکا میں سینئر نائب صدر طاہر ایوب، وائس پریذیڈنٹ عرفان چوہدری سابق صدور عبدالرف عالم، خالد جاوید، زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، میاں اکرم فرید، زاہد مقبول، ایگزیکٹیو ممبران بشمول روحیل انور بٹ، ملک عبدالعزیز، نجیب الہی ملک، مرزا محمد علی، ملک عبدالعزیز، ثنا اللہ خان، اسحاق سیال ، عمیر عزیز ملک اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس نے کی۔تقریب کا اختتام چوہدری عبدالمجید کو یادگاری شیلڈ پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔