اسلام آباد(سب نیوز)سعودی عرب نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صحت اور توانائی کے شعبوں میں تین بڑے منصوبوں کے لئے 121 ملین ڈالر کے معاہدے کئے ہیں۔
جمعہ کو سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے تعاون سے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے مشاورتی خدمات کے معاہدوں پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے، معیشت کو مضبوط بنانے اور پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور خوشحالی و ترقی کے یکساں وژن پر قائم ہیں۔سعودی سفیر نے مذہبی، سیاسی، عسکری، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دیرینہ تعاون کو دونوں ممالک کے لئے باعثِ فخر قرار دیا اور یقین دلایا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
تقریب میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ایشیائی آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعود الشمری، اقتصادی امور ڈویژن کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔اس موقع پر سفیر نے پاکستان کی آزادی کی سالگرہ پر حکومت اور عوام کو مبارکباد بھی پیش کی۔ معاہدوں کے تحت ترلائی میں کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کے لئے 20 ملین ڈالر کی گرانٹ دی جائے گی جبکہ شونٹر ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے 66 ملین ڈالر اور جگران ہائیڈرو پاور منصوبے کے لئے 35 ملین ڈالر کے آسان شرائط کے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔
ڈاکٹر کاظم نیاز نے سعودی عرب کے مستقل اور فراخدلانہ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحت سے توانائی اور انفراسٹرکچر تک ایس ایف ڈی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ہمارے لئے ترقی اور مواقع کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ ڈاکٹر سعود الشمری نے کہا کہ سعودی عرب اب تک پاکستان میں 23 منصوبوں کے لئے 533 ملین ڈالر کی گرانٹس اور 21 منصوبوں کے لئے 1.2 بلین ڈالر کے آسان شرائط کے قرضے فراہم کر چکا ہے جو پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں مددگار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایس ایف ڈی پاکستان کے قومی ترقیاتی منصوبوں کے مطابق تعاون جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سعودی عرب کا پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل تعاون کا اعادہ، صحت و توانائی منصوبوں کیلئے 121ملین ڈالر کے معاہدے
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
