Monday, July 7, 2025
ہومکامرسچین اور برازیل کے تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں ہیں، چینی وزیر اعظم

چین اور برازیل کے تعلقات تاریخ کے بہترین دور میں ہیں، چینی وزیر اعظم

ریو ڈی جنیرو : چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے ریو ڈی جنیرو میں برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا سے ملاقات کی۔اتوار کے روز چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے کہا کہ چین اور برازیل کے تعلقات اس وقت تاریخ کے بہترین دور میں ہیں اور دونوں فریق ایک مزید منصفانہ دنیا اور پائیدار چین برازیل ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال مئی میں صدر لولا کے دورہ چین کے دوران دونوں سربراہان مملکت نے چین برازیل ہم نصیب معاشرے کی تکمیل کو گہرا کرنے اور مشترکہ طور پر کثیرالجہتی کو برقرار رکھنے پر اہم اتفاق رائے کیا تھا۔

چین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے میں تعاون کے مزید عملی نتائج حاصل کرنے کے لئے برازیل کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔لی چھیانگ نے کہا کہ چین برازیل کے ساتھ مل کر بیلٹ اینڈ روڈ کی مشترکہ تعمیر کے فریم ورک کے تحت تجارت، مالیات اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم اور گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مشترکہ طور پر 2026 میں چین برازیل ثقافتی سال کے لئے سرگرمیوں کا انتظام کریں گے، تعلیم، امور نوجوانان ، طب اور صحت کی دیکھ بھال میں تعاون کو مضبوط کریں گے اور لوگوں کے درمیان تبادلے کو مزید آسان بنائیں گے. چین اقوام متحدہ، برکس اور جی 20 جیسے کثیر الجہتی میکانزم میں برازیل کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنانے، مساوی اور منظم کثیر قطبی دنیا اور جامع اقتصادی عالمگیریت کے فروغ اور دنیا میں مزید استحکام اور یقین پیدا کرنے کے لئے تیار ہے۔

برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا نے کہا کہ برازیل اور چین کے عوام کے درمیان دوستی بہت گہری ہے۔ برازیل چین کے ساتھ تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر عمل درآمد، اعلیٰ سطحی تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے، معیشت اور تجارت، سائنس و ٹیکنالوجی، فنانس اور ایرو اسپیس کے شعبوں میں تبادلوں اور تعاون کو فروغ دینے اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔