Tuesday, May 5, 2026
ہومپاکستانجنوبی کوریا کی افغانستان میں پھنسے شہریوں کے انخلا کیلئے پاکستان سے درخواست

جنوبی کوریا کی افغانستان میں پھنسے شہریوں کے انخلا کیلئے پاکستان سے درخواست

اسلام آباد،جنوبی کوریا کے وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کرکے کابل میں وطن واپسی کے منتظر کورین سفارتی عملے کے جلد انخلا کیلئے تعاون کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جنوبی کوریا کے ہم منصب نے رابطہ کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، کوریا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین، سیاسی، اقتصادی اور تہذیبی تعاون کی مختلف جہتوں کی موجودگی دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔ پاکستان، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔کورین وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ کوریا کی سام سنگ کمپنی پاکستان میں موبائل سازی کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ پاکستان کے ساتھ زرعی شعبے میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں۔ کورین وزیر خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اعلی سطح روابط کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ افغانستان کی صورتحال انتہائی کم وقت میں نمایاں طور پر تبدیل ہو چکی ہے۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان باشندوں کی سیکورٹی اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔