ہومپاکستانوزیر داخلہ سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں کی ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

وزیر داخلہ سے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں کی ملاقات، مسائل کے حل کی یقین دہانی

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے تاجروں اور صنعت کاروں نے ملاقات کی جس میں دونوں صوبوں کے تمام چیمبرز آف کامرس نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد کو ملک خصوصا دونوں صوبوں میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے تاجر برادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں اور صنعت کاروں کے مسائل کے حل اور ان کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جلد ہی پشاور اور کوئٹہ کا دورہ کروں گا، جہاں متعلقہ صوبائی حکومتوں کے اعلی حکام اور نمائندوں کی موجودگی میں آپ سے تفصیلی ملاقاتیں کی جائیں گی تاکہ درپیش مسائل کا مستقل اور عملی حل نکالا جا سکے۔محسن نقوی نے کہا کہ کاروباری برادری کو محفوظ اور سازگار کاروباری ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نجی شعبے کے کردار کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کی ترقی میں ہی پاکستان کی ترقی پنہاں ہے، پوری حکومت آپ کے ساتھ ہے اور ہم آپ کے تمام جائز مسائل حل کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔