ہومتازہ ترینپالیسی اصلاحات کے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا، سردار طاہر محمود

پالیسی اصلاحات کے بغیر معاشی ترقی کا خواب شرمند تعبیر نہیں ہو سکتا، سردار طاہر محمود

اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر سردار طاہر محمود نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پائیدار اقتصادی ترقی، صنعتی توسیع، روزگار کے نئے مواقع اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے لیے جامع اور طویل المدتی برآمدات پر مبنی قومی اقتصادی حکمتِ عملی اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ پالیسیوں میں تسلسل، کاروبار دوست اصلاحات اور نجی شعبے کی موثر شمولیت کے بغیر پاکستان اپنی معاشی استعداد سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔وہ جمعہ کو چیمبر ہاس میں تجارت و صنعت سے وابستہ مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ پاکستان کے پاس مضبوط صنعتی بنیاد، باصلاحیت افرادی قوت اور وسیع کاروباری مواقع موجود ہیں، تاہم کاروبار کرنے کی بلند لاگت، توانائی کی مہنگی قیمتیں، پیچیدہ ٹیکس نظام، ریڈ ٹیپ ازم، غیر ضروری ضابطہ جاتی رکاوٹیں اور عالمی منڈیوں تک محدود رسائی ملکی صنعت، سرمایہ کاری اور برآمدات کی رفتار کو متاثر کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان بنیادی مسائل کا حل ہی ملکی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی مستقل، قابلِ اعتماد اور کاروبار دوست برآمدی پالیسی تشکیل دے جو صنعتوں کی توسیع، ویلیو ایڈیشن، جدت، تحقیق، ٹیکنالوجی کے فروغ اور نئی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کی حوصلہ افزائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدکنندگان کو آسان کاروباری طریقہ کار، کم لاگت مالی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے مطابق پیداواری ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی کا انحصار ایسے سازگار کاروباری ماحول پر ہے جہاں صنعتیں عالمی منڈی میں موثر انداز سے مقابلہ کر سکیں۔ نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی ملکی معیشت کی مضبوطی اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہر سطح پر اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔