Friday, May 15, 2026
ہومپاکستانبرطانیہ نے نواز شریف کی ویزا توسیع درخواست مسترد کر دی ،شریف خاندان کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

برطانیہ نے نواز شریف کی ویزا توسیع درخواست مسترد کر دی ،شریف خاندان کا فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

لندن، برطانوی حکومت نے نواز شریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کردی ،برطانوی ہوم آفس کی طرف سے نواز شریف کو ویزا مسترد ہونے کے تحریری فیصلے سے آگاہ کردیا گیا، نواز شریف اس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق رکھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی برطانیہ میں 6 ماہ قیام کے ویزے کی مدت ختم ہو چکی تھی جس پر انہوں نے اپنے علاج کے سلسلے میں برطانیہ میں مزید قیام کے لیے ویزا میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے ویزہ میں توسیع کی درخواست دی تھی تاہم برطانوی حکام نے توسیع کی یہ درخواست مسترد کر دی، اس کی تصدیق حسین نواز نے بھی کی ہے۔حسین نواز نے کہا کہ برطانوی امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب برطانوی ہوم آفس میں اپیل کریں گے، معاملے کو وکیل دیکھ رہے ہیں، مجھے امید ہے کہ ویزے کا معاملہ حل ہو جائے گا، نواز شریف کے پاس 2 آپشن ہیں، ایک تو یہ کہ وہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ میں فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل کریں اور وہاں سے بھی درخواست مسترد ہونے پر وہ لندن کی ہائیکورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں۔نوازشریف کا پاسپورٹ پہلے ہی حکومت پاکستان منسوخ کرچکی ہے اور ویزا کی مدت ختم ہونے پر قانون کے مطابق نوازشریف کے پاس ملک چھوڑنے کیلئے چند دن ہیں۔نوازشریف کو سفری دستاویزات کیلئے حکومت پاکستان سے رابطہ کرنا ہو گا اور برطانیہ میں مزید قیام کیلئے دوبارہ ویزا توسیع کی درخواست دینا ہو گی۔چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے نواز شریف کو پیشکش کی تھی کہ اگر نوازشریف صبح آنے کا اعلان کریں میں یہاں سے چارٹر طیارہ بھیجنے کیلئے تیار ہوں۔یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر چار ہفتے کے لیے برطانیہ جانے کی اجازت دی تھی۔ ن لیگ کے قائد نومبر 2019 میں علاج کی غرض سے پاکستان سے برطانیہ روانہ ہوئے تھے۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ محاورہ تھا لوٹ کے بدھو گھر کو آئے مگر آج کہنے کو دل چاہ رہا ہے کہ لوٹ کے میاں مفرور گھر کو آئے، جس ملک میں چوری کے مال سے محل بنائے آج اس ملک نے بھی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کر دی، اب آئیں واپس اور عدلیہ کو عزت دیتے ہوئے اپنی سزا پوری فرمائیں۔تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الحمداللہ جوبھی کہاآج تک وہ ویساہی ہوا چند روز پہلے بتا دیا تھا نوازشریف کا ویزامنسوخ ہوگا، نوازشریف اب اپیل میں جاناچاہتے ہیں جوشرمناک ہے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ نوازشریف کواب برطانیہ سے واپس جیل آناہوگا لیکن کچھ پتہ نہیں نوازشریف برطانیہ سے کہیں اورچلے جائیں، نائیجیریاجیسے چھوٹے ملکوں کیلئے ٹریول پرمٹ بن جاتاہے شرم کی بات ہے ،ایسا مفرور شخص ہمارا وزیراعظم رہاہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔