مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مری میں لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب اسکول وین بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے جا گری جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی۔
یہ مری میں موسم گرما کے دوران وین کو آگ لگنے کا دوسرا واقعہ ہے، مری کے علاقے کھجٹ میں 10 جون کو ملتان سے آنے والی سیاحوں کی گاڑی میں بھی آگ لگی تھی جس میں 10 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوئے تھے۔
ریسکیو حکام نے مری واقعے کے حوالے سے بتایا کہ گاڑی میں پرائیویٹ اور سرکاری اسکول کے بچے سوار تھے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تمام بچوں کو نکال لیا، زخمی بچوں کو فوری طبی امداد کے بعد سول اسپتال مری منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو فائر فائٹنگ ٹیم نے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پا لیا ہے۔
بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، ڈپٹی کمشنر
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے مطابق حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، کچھ بچوں کو ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مری میں اسکول وین کو حادثہ، آگ لگنے سے 10 بچے جھلس کر زخمی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
