Friday, December 27, 2024
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات فلسطینی سفیر کی ملاقات

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے وزیر اعظم ہا ئو س میں ملاقات کی۔فلسطینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، آزادی اور انصاف کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی خصوصا 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے بگڑتی ہوئی صورتحال جس کے نتیجے میں 43,000 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں اور 105,000 سے زائد زخمی ہوئے، کے اقدامات کی پاکستان کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے اقوام عالم کی جانب سے اسرائیل کا سخت احتساب نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور مقبوضہ علاقوں میں مصیبت زدہ فلسطینی عوام کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔

شہباز شریف نے فلسطینی سفیر کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم بہادر فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی۔وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر مبنی منصفانہ اور دیرپا حل کی ضرورت پر بھی زور دیا جس کی سرحدوں کا تعین 1967 سے پہلے کی بنیاد پر ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو۔

سفیر ڈاکٹر ظہیر محمد حمد اللہ زید نے فلسطینی عوام کی موجودہ مشکلات میں پاکستان کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ ساتھ مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کو سراہا۔انہوں نے وزیراعظم کی ذاتی قیادت اور فلسطین کے لیے حمایت کے ساتھ ساتھ انتہائی ضروری انسانی امداد فراہم کرنے اور فلسطینی میڈیکل طلبہ کو پاکستان میں تعلیم مکمل کرنے کے لیے وظائف کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے فلسطینی سفیر کی پاکستان میں تعیناتی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں ہر وقت اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔