Friday, December 27, 2024
ہومپاکستانکالعدم ٹی ٹی پی کی طرح الجہاد کا نعرہ لگانیوالے خارجی تصور ہونگے، عظمی بخاری کی پی ٹی آئی کو وارننگ

کالعدم ٹی ٹی پی کی طرح الجہاد کا نعرہ لگانیوالے خارجی تصور ہونگے، عظمی بخاری کی پی ٹی آئی کو وارننگ

لاہور(آئی پی ایس )وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کی طرح الجہاد الجہاد کا نعرہ لگانے والے خارجی تصور ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ اطلاعات عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی ہاوس میں الجہاد ،الجہاد کے نعرے لگے ہیں، ریاست کے خلاف جہاد ہو ہی نہیں سکتا، خارجی پاکستان میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں، ان کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جو خارجیوں کے ساتھ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنے بال بچوں سمیت نکلیں اور واقعی جہاد کرکے دکھائیں، جہاد ان کے بس کی بات نہیں، بشری بی بی اتنی ہی غیرسیاسی ہیں کہ تقریر کی صورت میں چیئرمین پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا رہی ہیں، ان کے پاس کونسا اختیار ہے کسی کو پارٹی سے نکالیں۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کو مرنے کا بہت شوق ہے، وزیراعلی خیبرپختونخوا کو اپنا ہوش نہیں، وہ ورکرز کو 5، 5 ہزار بانٹیں گے، آپ دوسروں کے بچے نکال کر لا رہے ہیں، آپ اپنے بچوں کو مرنے مارنے کیلئے باہر لائیں، جو بچے 9 مئی کے کیس میں جیلوں میں ہیں کیا ان کو ابھی تک کسی نے پوچھا ہے؟۔
لیگی رہنما نے کہا کہ جتنی سموگ خطرناک ہے اتنے ہی یہ لوگ بھی ہیں، سموگ اور یہ لوگ ایک دوسرے کے کزن ہی لگتے ہیں، سموگ کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کئے جاتے ہیں، اللہ کا شکر ہے ہواں کا رخ تبدیل ہو گیا ہے، لاہور اور پنجاب کا اے کیو آئی لیول بہتر ہو رہا ہے، سموگ والے مسئلے پر بہت کام ہو رہا ہے، سموگ والا معاملہ ایسا نہیں کہ چٹکی بجا کر ٹھیک کر لیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔