Friday, December 27, 2024
ہومپاکستانبھارت ہم سے بات کرے، پاکستان آنے کے حوالے سے خدشہ دور کردیں گے، محسن نقوی

بھارت ہم سے بات کرے، پاکستان آنے کے حوالے سے خدشہ دور کردیں گے، محسن نقوی

لاہور (آئی پی ایس )پاکستان کرکٹ بورڈکے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کے حوالے سے آئی سی سی کے جواب کے منتظر ہیں، کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں آنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، ہم اس کے تحفظات دور کردیں گے۔
لاہور میں قذافی اسٹڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی نگرانی کی جارہی ہے، اپنا ہدف حاصل کریں گے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں خیریت سے کرائیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ سے سیاست کو علیحدہ رکھنا چاہیے، سیاست کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے خط لکھا تھا، بلکل لکھا تھا، اس کے جواب کا انتظار ہے، ہمارا رابطہ صرف آئی سی سی سے ہے اور ہمیں ان ہی سے جواب کا انتظار ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے متعلق ایک اور سوال کے جواب انہوں نے مزید کہا کہ دیکھیں، میں آج بھی یہ سمجھتا ہوں کہ ہر کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، اس کو کسی بھی ملک کو بیچ میں نہیں لانا چاہیے اور میں ابھی بھی اچھے کی توقع رکھتا ہوں۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کی ٹرافی کو کشمیر لے جانے سے روکنے سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے حوالے سے خود سوچنا پڑے گا، وہ دنیا بھر کی کرکٹ باڈیز کی ایک باڈی ہے، کچھ چیزیں ری شیڈول ضرور ہوئی ہیں، ابھی ہمیں منسوخی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی، ایونٹ کے شیڈول کا اعلان آسی سی نے کرنا ہے، امید ہے جلد اعلان کرے گا، ہمیں بھی انتظار ہے تاکہ اس حساب سے تیاریاں کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں ملک میں آنے کے لیے تیار ہیں، کسی ٹیم کو کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں آج بھی کہوں گا کہ بھارت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، ہم اس کے تحفظات دور کردیں گے، کیونکہ میرا نہیں خیال کہ کوئی ایسی وجہ ہے جس کی وجہ سے انڈین ٹیم نہ آسکے، پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے، ہمارا موقف واضح ہے، ہم اپنے موقف پر قائم رہیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اچھے کی توقع ہے، آئی سی سی کو خط لکھا ہے، اب جواب کا انتظار ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کا کام وقت پر مکمل ہوجائے گا، چیمپئنز ٹرافی تک عاقب جاوید سے عبوری ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے کی درخوست کی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ جلدی میں کوئی اور کوچ لے آئیں اور پھر کوئی چیز ہو، اس سے بچنے کے لیلیے عاقب جاوید وائٹ بال کے لیے 3 مہینے کا خلا پورا کریں گے، اس کے بعد ان کے لیے ہم ایک دو اور چیزوں پر کام کر رہے ہیں، اس کے بعد اگلے دس، پندرہ دن میں کام کرنے جا رہے ہیں تاکہ تلاش کرکے کوئی اچھا ہیڈ کوچ لا سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔