Thursday, October 17, 2024
ہومپاکستانگورنر پنجاب نے تحریک انصاف والے کام شروع کر دیے ہیں، عظمی بخاری

گورنر پنجاب نے تحریک انصاف والے کام شروع کر دیے ہیں، عظمی بخاری

لاہور(آئی پی ایس ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ جو کام تحریک انصاف کرتی ہے وہ گورنر پنجاب نے شروع کر دیے ہیں۔ اپنے بیان میں عظمی بخاری نے کہا کہ گورنر صاحب بڑی تکلیف سے آپ کو یاد کرانا پڑتا کہ آپ گورنر ہیں، انتظامی معاملات سے آپ کا کوئی لینا دینا نہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ گورنر ہاوس میں چائے، کافی اور خشک میوہ جات انجوائے کریں۔ حکومت کیسے چلانی ہے اور صوبے کے انتظامی امور کیسے چلانے ہیں مریم نواز اچھے سے جانتی ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ سندھ میں اسکولز سرے سے موجود ہی نہیں ہے، جو اسکولز ہیں ان میں جانور بندھے نظر آتے ہیں، امتحانات میں نقل اور پورے سینٹرز کا بکنا رواج ہے، جہاں آپ کی 16 سال سے حکومت ہے وہاں کا اسکول سسٹم آج بھی 19 ویں صدی کے طرز پر چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے محکمہ تعلیم میں آئے روز میڈیا پر گھوسٹ ملازمین اور گھوسٹ طلبہ کی خبریں نشر ہوتی ہیں، پنجاب کے 7اضلاع شرح خواندگی میں آج بھی ٹاپ پر ہیں لیکن کراچی کے دو علاقے اور حیدرآباد کے علاوہ باقی سندھ میں شرح خواندگی صفر ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کا معیار بہتر ہونے کے باعث سرکاری اسکولوں کے طلبہ بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کر رہے ہیں۔ بچوں کو لیپ ٹاپ، وظائف اور اسکوٹیز مل رہے ہیں، کچھ دن پہلے سندھ میں ہونے والے ایم ڈی کیٹ کی کہانیاں پورے ملک نے دیکھی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔