مظفرآباد،پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ نواز شریف کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی، نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں کو گروی رکھنے کی سازش کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے تحصیل بلوچ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پر نواز شریف کا نام سن کر ہی کپکپی طاری ہوجاتی ہے،نوازشریف کے نام سے ان کی جان نکل جاتی ہے ۔ جعلی حکومت کے 3 سال بعد بھی عمران خان کی صبح اور شام نواز شریف سے ہی ہوتی ہے، نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکیں عمران خان گروی رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے جرم پروزارت عظمی سے نکال دیا، جیل میں ڈال دیا ۔ کابینہ کے اجلاس میں عوام کی بھلائی کی طرف توجہ دینے کی بجائے نواز شریف کو روکنے کی پلاننگ ہوتی ہے ، انسانی پلاننگ سے نواز شریف کو روکا جاسکتا تو آج نوازشریف کا کوئی نام لیوا نہ ہوتا ۔مریم نواز نے کہا کہ پہلے عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں ڈالا، اب ان کی نظر آزاد کشمیر پر ہے، کشمیر کو بیچنے کی سازش امریکا میں بیٹھ کر رچائی گئی، کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈال کر 2 منٹ خاموشی کا کہتے ہیں، آزاد کشمیر میں بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے گونج رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ عید سے پہلے پٹرول بم گرانے کی تیاری ہو رہی ہے ، جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے ،تو ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہوجاتاہے۔ تیل مہنگا ہونے سے عمران خان کو فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ سائیکل پر دفتر جاتے ہیں، جان بچانے والی ادویات دسویں بار مہنگی کی گئیں۔ ان کاکہنا تھا کہ عمران خان نے کشمیر میں حکومت بنائی تو پہاڑ بھی گروی رکھ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پولنگ اسٹیشن کا رزلٹ نہیں آتا آپ پولنگ اسٹیشن نہیں چھوڑو گے ، الیکشن میں ہار نظر آنے پر اب انہیں انتخابی اصلاحات یاد آ رہی ہیں ، الیکشن ریفارم ایک ہی ہوتی ہے اور وہ ہے عوام کی طاقت 25جولائی کو آزاد کشمیر کی وادیوں میں شیردھاڑے گا۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کی عوام حساب لے گی، نواز شریف اپنا نقصان کرلیتا ہے لیکن عوام کا سر جھکنے نہیں دیتا۔
نواز شریف کوجیل میں قتل کرنے کی سازش کی گئی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
