اسلام آباد ،قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے سیکیورٹی کی صورت حال کے پیش نظر پارلیمنٹ ہاوس میں مہمانوں، اراکین اسمبلی کے عملے اور مسلح گارڈز کے داخلے پر پابندی عائد کردی۔
قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی کے حالیہ معاملات کے پیش نظر پارلیمنٹ ہائوس کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے اراکین اسمبلی کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں کوئی مہمان یا اراکین کے ذاتی عملے اور کسی گارڈ یا کسی قسم کے اسلحے کی اجازت نہیں ہوگی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اراکین اسمبلی سے تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ اقدامات سیکیورٹی کی صورت حال کے پیش نظر کیے گئے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاوس کے باہر سے مسلح شخص کو گرفتار کر لیا گیا تھا جو اسلحہ لہراتے ہوئے خوف کی علامت بن گیا تھا۔ٹیلی ویژن فوٹیج میں ایک مضطرب شخص کو مرکزی سڑک پر چلتے دیکھا گیا، جس کے ایک ہاتھ میں پستول اور دوسرے ہاتھ میں بظاہر چاقو تھا، جبکہ متعدد سیکیورٹی اہلکار اس کے اطراف موجود تھے۔پولیس نے مسلح شخص کو گرفتار کر کے اس سے پستول برآمد کر لیا تھا اور سیکریٹریٹ تھانے منتقل کردیا گیا تھا۔
