Thursday, September 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزحکومت کا بلوچستان میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ

حکومت کا بلوچستان میں پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (سب نیوز )وفاقی حکومت نے بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں اہم فیصلے کیے ہیں جس کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے شبے میں کسی بھی مشکوک شخص کو قبل ازوقت حراست میں لے سکے گی۔ وفاقی کابینہ نے پاک فوج، سول آرمڈ فورسز اور حکومت کو خصوصی اختیارات دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے کابینہ نے انسداد دہشتگردی ایکٹ1997 میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997کی سیکشن الیون ای ای ای ای میں ترمیم کے لیے قانون سازی ہوگی جس سے سیکیورٹی فورسزکو دہشت گردی کے خلاف مزید موثر آپریشن کے لیے قانونی تحفظ ملے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے شبے میں کسی بھی مشکوک شخص کو قبل ازوقت حراست میں لے سکے گی اور انٹیلیجنس ایجنسیز، قانون نافذ کرنے والوں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی جاسکیں گی۔ذرائع نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے لیے خطرات کے حامل افراد کو حراست میں لیا جاسکیگا، جے آئی ٹیز جامع تحقیقات کریں گی اور دہشت گردوں کے بارے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔