Sunday, February 1, 2026
ہومدنیااسرائیلی بمباری میں اسماعیل ہنیہ کی بہن سمیت خاندان کے 13 افراد شہید

اسرائیلی بمباری میں اسماعیل ہنیہ کی بہن سمیت خاندان کے 13 افراد شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج نے حماس کے سربراہ کی بہن کے مکان پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں اسماعیل ہنیہ کی بہن اور ان کے خاندان کے 13 افراد شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہن اپنے خاندان کے ہمراہ ساحل کے قریب ایک پناہ گزین کیمپ کی ایک عمارت میں رہائش پذیر تھیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑاکا فوجی طیاروں نے شتی پناہ گزین کیمپ کی دو عمارتوں کو نشانہ بنایا۔ ان عمارتوں میں حماس کے کمانڈرز موجود تھے۔
دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے پناہ گزین کیمپ میں جس عمارت کو نشانہ بنایا ان میں ایک مکان اسماعیل ہنیہ کی بہن کا تھا۔ حملے میں بہن اور 13 دیگر رشتہ دار شہید ہوگئے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج نے اس سے قبل بھی اسماعیل ہنیہ کے خاندان کو اسی علاقے میں ایک کار پر سفر کے دوران نشانہ بنایا تھا جس میں اسماعیل ہنیہ کے بیٹے حازم، عامر اور محمد کے علاوہ پوتے بھی شہید ہوگئے تھے۔
غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی جب کہ 86 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔