ہومپاکستانسابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے

سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو انتقال کر گئے

حمید آباد،سابق نگراں وزیراعظم جسٹس (ر)حاجی میر ہزار خان کھوسہ طویل علالت کے بعد گزشتہ شب کوئٹہ میں انتقال کرگئے۔ تفصیلات کے حاجی میر ہزارخان کھوسہ 92سال کی عمر میں کوئٹہ میں انتقال کرگئے سابق نگران وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ میر ہزار خان کھوسہ 30ستمبر 1929کو ضلع صحبت پور کے گوٹھ میر اعظم خان کھوسہ میں پیدا ہوئے تھے ۔ ان کی مادری زبان سندھی تھی ۔ سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے بعد بلوچستان سے وزیر اعظم پاکستان کے منصب پر فائز ہونے والی دوسری شخصیت تھے ۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد اعلی تعلیم کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی ۔ 1957 میں کراچی میں بحیثیت وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ کے وکیل بنے ۔ 1977میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے ۔ 1989 میں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے ۔ ریٹائر منٹ کے بعد 1991میں وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس مقرر کیے گئے ۔ میر ہزار خان کھوسہ 2مرتبہ بلوچستان کے نگران گورنر مقرر ہوئے پہلی بار 25جون 1990اور دوسری بار 13مارچ 1991میں گورنر بنائے گئے وہ زکوةکونسل کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔ 24مارچ 2013کو چیف الیکشن کمشنر پاکستان فخر الدین جی ابراہیم نے ان کو پاکستان کا نگران وزیر اعظم بنائے جانے کا اعلان کیا 25 مارچ 2013کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں ان سے نگران وزیر اعظم کا حلف لیا ۔ اس دوران انہوں نے اپنی آبائی تحصیل صحبت پور کو ضلع جعفر آباد سے الگ کر کے صحبت پور کو ضلع کا درجہ دے کر شرقی جعفر آباد کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ۔ میر ہزار خان کھوسہ کے پسماندگان میں 3بیٹے شفقت حسین کھوسہ، برکت حسین کھوسہ اور ایڈووکیٹ امجد حسین کھوسہ ہیں ان کو کٹبار شریف میں سپرد خاک کردیا گیا نماز جنازہ میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات صحافی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔