Tuesday, March 10, 2026
ہومتازہ ترینپاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن بننے کیلئے پر امید

پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن بننے کیلئے پر امید

واشنگٹن: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، سکیورٹی کونسل (یو این ایس سی) کے پانچ غیر مستقل ارکان کا تقرر آج کرے گی، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننے کیلئے پر امید ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کیلئے پاکستان کو 8 ویں مدت کیلئے جمعرات کو منتخب کیا جا سکتا ہے جبکہ پاکستان کے علاوہ دیگر چار ممبران اگلے دو سال کیلئے خدمات انجام دیں گے۔
پاکستان 2012-13، 2003-04، 1993-94 اور1983-84، 1976-77، 1968-69، اور 1952-53 کے دوران اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں خدمات انجام دے چکا ہے۔
پانچ غیر مستقل ارکان جاپان، ایکواڈور، مالٹا، موزمبیق اور سوئٹزرلینڈ کی جگہ لیں گے جن کی مدت 31 دسمبر کو ختم ہو گی،غیر مستقل نشستوں کے لئے منتخب ہونے والے رکن ممالک 2 سال یعنی یکم جنوری 2025 سے 2026 کے آخر تک خدمات انجام دیں گے۔
سلامتی کونسل 15 ممالک پر مشتمل ہے جس میں 5 مستقل ارکان اور 10 غیرمستقل ارکان شامل ہیں، غیر مستقل اراکین کو جنرل اسمبلی دو سال کی مدت کیلئے منتخب کرتی ہے۔
سکیورٹی کونسل کی رکنیت کیلئے پاکستان کو 53 رکنی ایشیائی گروپ سے توثیق ملی ہے، انتخاب کے بعد پاکستان خطے میں امن و سلامتی، فلسطین اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے اصول کو برقرار رکھنے پر توجہ دے گا۔
پاکستان افغانستان میں بہتری، افریقا میں سکیورٹی چیلنجز کے منصفانہ حل کو فروغ دینے پر بھی توجہ دے گا۔
پاکستان کی اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کے حوالے سے بیان میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان فوجی تعاون کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے، کونسل کے رکن کی حیثیت سے اس معاملے پر پاکستان کی جانب سے فعال کردار ادا کرنے کا امکان ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔