Friday, May 1, 2026
ہومبریکنگ نیوزفیصل ووڈا کا توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگنے سے انکار

فیصل ووڈا کا توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگنے سے انکار

اسلام آباد:سینیٹر فیصل ووڈا نے توہین عدالت کیس میں غیر مشروط معافی مانگنے سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق توہین عدالت کیس میں سینیٹر فیصل ووڈا نے شوکاز نوٹس پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا جبکہ ان کا جواب 16صفحات پر مشتمل ہے تاہم سینیٹر فیصل واوڈا نے غیر مشروط معافی مانگنے سے انکار کردیا۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں فیصل واوڈا نے لکھا کہ پریس کانفرنس کا مقصد عدلیہ کی توہین کرنا نہیں تھا، پریس کانفرنس کا مقصد ملک کی بہتری تھا، عدالت توہین عدالت کی کارروائی آگے بڑھانے پر تحمل کا مظاہرہ کرے، توہین عدالت کا نوٹس واپس کیا جائے۔
فیصل ووڈا نے رؤف حسن، مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی تقریروں کے ٹرانسکرپٹ بھی عدالت میں پیش کر دیے۔
عدلیہ مخالف بیان پر مصطفیٰ کمال نے غیر مشروط معافی مانگ لی
جواب میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی بھی طریقے سے عدالت کا وقار مجروح کرنے کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، سمجھتا ہوں کہ عدالت کا امیج عوام کی نظروں میں بے داغ ہونا چاہیئے، پاکستان کے تمام مسائل کا حل ایک فعال اور متحرک عدالتی نظام میں ہے، آرٹیکل 19 اے کے تحت ملزم نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڑ سے متعلق معلومات کیلئے رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا، 2 ہفتے گزر جانے کے باوجود جواب موصول نہیں ہوا۔
فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ دفاعی اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کے خلاف مہم زور پکڑ رہی ہے،پاکستان کے مضبوط دفاع کے لیے فوج اور خفیہ اداروں کی مضبوطی ضروری ہے،عدلیہ کے ساتھ فوج اور خفیہ اداروں کی مضبوطی کا انحصار عوامی تائید پر ہے۔
مصطفیٰ کمال نے غیر مشروط معافی مانگ لی
اس سے قبل عدلیہ مخالف بیان پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے غیر مشروط معافی مانگ لی تھی۔
بیان حلفی میں مصطفیٰ کمال کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بالخصوص اعلیٰ عدلیہ کے ججز کا دل سے احترام کرتا ہوں، عدلیہ اور ججز کے اختیارات اور ساکھ بدنام کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے متعلق اپنے بیان پر بالخصوص 16 مئی کی پریس کانفرنس پر غیرمشروط معافی چاہتا ہوں، عزز عدالت سے معافی کی درخواست اور خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے سینیٹر فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کو عدلیہ مخالف بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔
فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کل ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔