اسلام آباد،آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان کا تفتیشی نظام سے کرپشن کے ختم کیلئے اہم قدم، تفتیش کے نظام سے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے تفتیشی افسران اور حوالات میں بند ملزمان کے کھانے کیلئے 31لاکھ 50 ہزار روپے مختص کردیئے ۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے باقاعدہ طور پر ایک تقریب کے دوران تفتیش افسران اور محرران کو چیک تقسیم کیے ،35 تفتیشی افسران کو کاسٹ آف انوسٹی گیشن کی مد میں 21لاکھ 50 ہزار دیے گئے جبکہ حوالات میں بند ملزمان کو تین وقت کے کھانا کی فراہمی کیلئے محرران کو 10 لاکھ روپے دئیے گئے ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا کہ اس رقم سے قتل،دہشت گردی، ڈکیتی، سرقہ بالجبر کے مقدمات میں تفتیشی افسران تفتیشی کے دوران ہونے والے اخراجات ادا کریں گے، زیر تفتیش مقدمات میں حوالات میں بند ملزمان کو تین وقت کا کھانا بھی مہیا کیا جائے گا ، اس اقدام سے نہ صرف تفتیش کے عمل میں کرپشن کا مکمل خاتمہ ہوگا بلکہ تفتیش افسران کا مورال بھی بلند ہوگا، تفتیش میں مکمل شفافیت کے ساتھ مدعی مقدمات کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے سکے گا۔
