ہوماسلام آبادنیشنل پریس کلب اسلام آباد کی ڈیجیٹل میڈیا کمیٹی کا اجلاس، صحافیوں کو ڈیجیٹل جرنلزم کی باریکیوں سے آگاہ کرنے کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی ڈیجیٹل میڈیا کمیٹی کا اجلاس، صحافیوں کو ڈیجیٹل جرنلزم کی باریکیوں سے آگاہ کرنے کیلئے تربیتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد،نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی ڈیجیٹل میڈیا کمیٹی کا اجلاس چیئرمین خواجہ کاشف میر کی صدارت میں ہوا جس میں کمیٹی ممبران عبداللہ فاروقی،پروفیسر سعید، شہزاد خان، جعفر بلتی و دیگر نے شرکت کی جبکہ کمیٹی اراکین طارق علی ورک اور خالد محمود نے اجلاس میں غیر حاضر رہنے کے باوجود اپنی تجاویز کمیٹی تک پہنچا دیں۔

اجلاس میں سیکرٹری جنرل نیشنل پریس کلب انور رضا نے خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی افادیت اور اس کا اثر بہت بڑھ چکا ہے، حکومتی سطح پر ڈیجیٹل میڈیا بارے قوانین بن رہے ہیں لیکن میڈیا تنظیموں، پریس کلبز اور صحافتی فورمز سے مشاورت نہیں لی جا رہی، ان قوانین کے نفاذ سے میڈیا ہاوسز اور ان سے جڑے صحافیوں کو پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ صحافیوں میں ڈیجیٹل میڈیا بارے مکمل آگاہی موجود نہیں لہذا نیشنل پریس کلب کی اس کمیٹی کے ذریعے وفاقی وزارت اطلاعات و دیگر سٹیک ہولڈرز سے قانون سازی بارے لیزان رکھنے، قومی و بین الاقوامی سطح پر ڈیجیٹل میڈیا بارے کام کرنے والی تنظیموں و ڈونر اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کرنے، پریس کلب میں ممبرشپ کیلئے ڈیجیٹل میڈیا کے اداروں اور افراد کی اہلیت کا تعین کرنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔چیئرمین ڈیجیٹل میڈیا کمیٹی خواجہ کاشف میر نے کہا کہ وفاقی وزارت اطلاعات، ڈیجیٹل میڈیا بارے ملک بھر میں قائم کی گئی تنظیموں ، صحافت کی تعلیم دینے والی جامعات و دیگر سٹیک ہولڈرز سے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں۔ یہ کمیٹی ڈیجیٹل میڈیا سے جڑے صحافیوں کیلئے پریس کلب میں ممبرشپ کیلئے اہلیت کا تعین بھی کر رہی ہے اور مستقبل قریب میں پریس کلب میں ایسے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے جن سے صحافیوں کو ڈیجیٹل جرنلزم بارے معاشی ، تکینیکی اور پیشہ ورانہ باریکیوں سے بھی آگاہ کیا جا سکے۔ کمیٹی اجلاس میں باہمی اتفاق سے طے پایا کہ ان اہداف کو کم وقت میں مکمل کرنے کیلئے ہر ماہ کم از کم دو اجلاس کیے جائیں گے۔ کمیٹی کے مشاورتی عمل کا حصہ بننے کیلئے پریس کلب کے اراکین چیئرمین کمیٹی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔