اسلام آباد(سب نیوز )وفاقی جمہوریہ جرمنی کی غیر سرکاری تنظیم گلوبل برجز کے 20 رکنی وفد نے آج پارلیمنٹ ہا ئو س اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس وفد میں جرمن کاروباری افراد، ماہرین تعلیم، دانشور، ڈاکٹرز، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے، جن کی قیادت ڈاکٹر ہانس البرچٹ کر رہے تھے۔ اس دورے کا مقصد پاکستان کے پارلیمانی امور کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا تھا۔
سپیشل سیکرٹری (خصوصی اقدامات) سید شمعون ہاشمی نے وفد کو پاکستان کے پارلیمانی نظام کی تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے وفد کو قومی اسمبلی کے امور، قائمہ کمیٹیوں، اور خصوصی پارلیمانی فورمز کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جن میں پائیدار ترقی کے اہداف، خواتین پارلیمانی کاکس، ینگ پارلیمانی فورم، اور پارلیمانی کاکس آن چائلڈ رائٹس شامل ہیں۔
وفد نے اس جامع بریفنگ کو سراہا اور قومی اسمبلی کے امور پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ وفد نے قومی اسمبلی ہال اور پارلیمنٹ کے دیگر حصوں کا بھی دورہ کیا اور پاکستان کی سیاسی اور پارلیمانی تاریخ کی تصویری ریکارڈکی تعریف کی۔
